لاہور۔لودھراں سے تعلق رکھنے والی نوجوان کھلاڑی شہر بانو نے ملائیشیا میں منعقد ہونے والے ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے دوران نیپال کے خلاف میچ کھیل کر اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔
شہر بانو، جو لیفٹ آرم فاسٹ بولر ہیں اور صرف 15 سال کی عمر میں ساتویں جماعت کی طالبہ بھی ہیں، کو ہیڈ کوچ محسن کمال نے ڈیبیو کیپ پیش کی۔ اس موقع پر مینجمنٹ اور ٹیم کے کھلاڑیوں نے انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ویمنز انڈر 19 ایشیا کپ اس وقت ملائیشیا میں جاری ہے۔ کوالالمپور میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم کو پہلے میچ میں بھارت کے خلاف 9 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 67 رنز بنائے، جس کا تعاقب بھارت نے 7.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی کر لیا۔