لاہور۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے ڈرافٹس کی میزبانی پہلی بار بلوچستان کے تاریخی شہر گوادر میں کی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ بلوچستان کا پورٹ سٹی گوادر 11 جنوری 2025 کو ہونے والے پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کے پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کرے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ گوادر اپنی شاندار ساحلی پٹی اور اسٹریٹجک اہمیت کے ساتھ پاکستان کے معاشی مستقبل کا مرکز بن چکا ہے۔ پی ایس ایل کے پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کے ذریعے ہمارا مقصد اس شہر کی ثقافتی اور اقتصادی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 11 جنوری کو گوادر میں تمام فرنچائزز اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا خیرمقدم کرنے کے لیے وہ بے حد پرجوش ہیں، کیونکہ یہ پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کی طرف ایک اہم قدم ہوگا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ گوادر کو پلیئر ڈرافٹ کے میزبان شہر کے طور پر منتخب کرنا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ اس اقدام سے پی ایس ایل کی رسائی پورے پاکستان میں پھیلے گی اور پاکستان کی قدرتی خوبصورتی کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔
پی سی بی نے اس اعلامیے میں ڈرافٹ تقریب کے مقام اور وقت کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
دوسری جانب، اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا کہ کھلاڑیوں کی ریلیگیشن اور ریٹینشن کا اعلان دسمبر کے آخر میں کیا جائے گا۔