ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان ریئلٹی شو “بگ باس” کی شوٹنگ کے دوران اپنے مرحوم دوست بابا صدیقی کو یاد کرکے آبدیدہ ہوگئے۔
بابا صدیقی کو 12 اکتوبر کو قاتلانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا، اور جب یہ خبر سلمان خان تک پہنچی تو انہوں نے بگ باس کے ایپی سوڈ کی شوٹنگ رکوا کر فوراً وہاں سے روانگی اختیار کی۔
اس ہفتے کی قسط میں سلمان خان نے بابا صدیقی کی یاد میں اپنی نم آںکھوں کو چھپانے کی کوشش نہیں کی۔ ان کے جذبات مداحوں کے لیے پوشیدہ نہ رہ سکے۔
بشنوئی گینگ کی جانب سے قتل کی دھمکیوں کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ سلمان خان بگ باس کی میزبانی سے چند ہفتوں کے لیے دور رہیں گے، مگر انہوں نے شوٹنگ جاری رکھی اور اس ہفتے کے خصوصی ایپی سوڈ “ویک اینڈ کا وار” کی میزبانی کی۔
شو کے دوران سلمان خان نے کہا، “اس وقت میں کسی سے ملنا نہیں چاہتا اور اس دن سیٹ پر آنا بھی نہیں چاہتا تھا۔” انہوں نے مزید کہا، “میرا آپ سب سے ملنے کا دل نہیں تھا، لیکن کام ہے، کیا کریں، کام تو کرنا ہی ہوتا ہے۔”
سلمان خان کے یہ الفاظ صرف بگ باس کے کھلاڑیوں کے لیے نہیں بلکہ ان کے دلی جذبات کی عکاسی بھی کر رہے تھے، جن سے وہ گزشتہ ایک ہفتے سے گزر رہے ہیں۔