ممبئی: بھارتی شوبز انڈسٹری کے معروف جوڑے، پرنس نرولا اور یوویکا چوہدری، کے ہاں ایک پیاری بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
فلم اوم شانتی اوم کی اداکارہ یوویکا چوہدری اور بگ باس سے مشہور ہونے والے پرنس نرولا ہفتے کی شام ماں باپ بنے۔ پرنس نے اس خوشخبری کا اعلان اپنے مداحوں کے ساتھ کرتے ہوئے کہا، “میں باپ بن گیا ہوں!”
پرنس نرولا اس وقت پونے میں ایم ٹی وی روڈیز کے آڈیشنز کے دوران جج کے طور پر کام کر رہے ہیں، اور انہوں نے یہ خوشخبری آڈیشن کی شوٹنگ کے دوران اسٹیج پر شیئر کی۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی، جس میں وہ اسٹیج پر یہ خوشخبری دیتے نظر آ رہے ہیں، “میں آپ کو ایک اچھی خبر دینے جا رہا ہوں، میں باپ بن گیا ہوں۔”
ویڈیو کے کیپشن میں پرنس نے مزید لکھا، “اس محبت کے لیے سب کا شکریہ، میں بہت خوش ہوں کہ ہمیں بیٹی کی نعمت ملی ہے۔ یہاں بھی میں جیت گیا!”
ایم ٹی وی روڈیز کے دیگر ججز رنوجے سنگھ، نیہا دھوپیا، ریا چکرورتی، اور ایلوش یادیو نے بھی انہیں اسٹیج پر مبارک باد دی۔