اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 5 آئی پی پیز (انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز) سے معاہدہ ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس سے سالانہ 400 ارب روپے سے زائد کی بچت ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں ارکان نے بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے بھرپور کوشش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ آئی پی پیز سے مہنگی بجلی کی پیداوار کے معاملے پر وفاقی کابینہ نے کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔ پہلے مرحلے میں تقریباً 2400 میگاواٹ صلاحیت کی 5 آئی پی پیز بند کرنے کی تجویز منظور کی گئی، جن میں حبکو سے 1200 میگاواٹ کی پیداوار کو بند کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق، 362 میگاواٹ کی اے ای ایس لال، 224 میگاواٹ کی اٹلس پاور، 136 میگاواٹ کی صبا پاور، اور 450 میگاواٹ کی روش پلانٹ بھی بند کیے جائیں گے۔ وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری کے بعد ان کمپنیوں کی بورڈ میٹنگز بلائی جائیں گی تاکہ کابینہ کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔