ایران کے ساتھ مذاکرات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے، جے ڈی وینس
ایرانی وفد کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے، خطے میں جنگ بندی چاہتے ہیں،امریکی نائب صدر
برگن سٹاک: ایران کے ساتھ مذاکرات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے، خطے میں جنگ بندی چاہتے ہیں، مستقبل کے حتمی معاہدے کے لیے ایک مضبوط بنیاد بھی رکھ دی گئی ہے۔
یہ بات امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے سوئٹزرلینڈ میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہی،
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ایرانی وفد کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی،
امریکی نائب صدر کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات شروع ہو چکے ہیں،
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مستقل امن کے قیام کی ہدایت دی ہے اور امریکا پورے خطے میں جنگ بندی کا خواہاں ہے، ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ایسے واقعے سے بچنا ضروری ہے جو پورے خطے کو نئی کشیدگی کی لپیٹ میں لے لے۔
جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ اسرائیل کی سکیورٹی ناگزیر ہے، تاہم لبنان کی خودمختاری کا تحفظ بھی ضروری ہے، حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ اگر ایرانی منجمد اثاثے بحال کیے جاتے ہیں تو ایران کو یقینی بنانا ہوگا کہ یہ رقم عوامی فلاح و ترقی پر خرچ ہو،
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی منجمد اثاثوں سے متعلق میڈیا میں بعض غلط رپورٹنگ ہوئی ہے،
جے ڈی وینس نے انکشاف کیا کہ ایرانی وفد نے ایک مرحلے پر مذاکرات سے واک آؤٹ کی دھمکی دی تھی، تاہم وہ مذاکراتی عمل میں شامل رہا، انہوں نے بتایا کہ ایرانی تکنیکی ٹیم اب بھی مذاکرات میں مصروف ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے جاری ہیں۔
امریکی نائب صدر کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی رابطے کیے گئے،