امریکہ کی آزادی کی ڈھائی سو سالہ سالگرہ کی پروقار تقریب، وزیر اعظم کی شرکت۔
پاکستانی قیادت کے ساتھ صدر ٹرمپ کی ذاتی سطح پر مصروفیت امریکہ اور پاکستان کی حکومتوں کی اعلیٰ ترین سطح پر حقیقی ذاتی روابط کی موجودگی کا ثبوت ہے۔ ناظم الامور نیٹلی بیکر کا خطاب
اسلام آبا: امریکہ کی آزادی کی ڈھائی سو سالہ سالگرہ کے موقعہ امریکی سفارت خانے کی جانب سے تقریب کا انعقاد،
تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سمیت دیگر حکومتی وزراء اور اعلی شخصیات کی شرکت،
امریکی یومِ آزادی کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی مشن کی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اعلانِ آزادی کی گہری اہمیت اور گزشتہ دو برسوں کے دوران امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں آنے والی غیرمعمولی تبدیلی پر روشنی ڈالی۔
ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کو حقیقی اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک پروان چڑھانے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بہادری اور نتائج پر مرکوز قیادت کا اہم کردار رہا ہے۔ پاکستانی قیادت کے ساتھ صدر ٹرمپ کی ذاتی سطح پر مصروفیت امریکہ اور پاکستان کی حکومتوں کی اعلیٰ ترین سطح پر حقیقی ذاتی روابط کی موجودگی کا ثبوت ہے۔
ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ۱۹۷۹ء کے ایرانی انقلاب کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان اعلیٰ ترین سطح کے مذاکرات کا پہلی بار اسلام آباد میں انعقاد ہونے پر بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تہران اور واشنگٹن دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے کے باعث دو مخالف ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے کے حوالے سے پاکستان کو منفرد حیثیت حاصل تھی۔ یہ پاکستان کا لمحہ تھا اور پاکستان اس پر پورا اترا۔
ناظم الامور نیٹلی بیکر نے پاکستان کے عوام اور مختلف علاقوں کا بھی گرمجوشی سے ذکر کیا، جن میں تقریباً دو دہائیوں بعد لاہور کے تاریخی بسنت پتنگ میلے کی بحالی میں شرکت اور اندرونِ سندھ کی کم معروف برادریوں کے دورے شامل ہیں۔
اس تقریب نے امریکی اور پاکستانی عوام کی مشترکہ امنگوں کو اجاگر کیا اور دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کو نمایاں کیا۔ تقریب کا ایک خصوصی حصہ لبرٹی بیل کی سولہ نقول کی نمائش تھی جن پر امریکی سفارت خانے کے لنکن کارنرز نیٹ ورک کے ذریعے پاکستانی فنکاروں اور طلبہ نے رنگ بھر کر آزادی، جمہوریت اور مواقع کے تصورات کو منفرد انداز میں پیش کیا۔
ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اپنے اختتامی کلمات میں امریکہ اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کے مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی ہم امریکہ کے سنہری دور میں داخل ہو رہے ہیں، مجھے پورا یقین ہے کہ امریکہ اور پاکستان کی شراکت داری کا سب سے اہم باب ابھی شروع ہوا ہے اور بہترین وقت ابھی آنا باقی ہے۔
