The news is by your side.

عید کے تین دنوں میں ضلع راولپنڈی میں167 روڈ ٹریفک حادثات، 189 افراد متاثر۔

متاثرہ افراد میں 157 مرد اور 32 خواتین شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر حادثات تیز رفتاری، دورانِ ڈرائیونگ لاپرواہی، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی۔

0

راولپنڈی: عیدالاضحیٰ کے تین روز کے دوران ضلع راولپنڈی میں ٹریفک حادثات اور آگ لگنے کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ریسکیو 1122 راولپنڈی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق عید کے تین دنوں میں مجموعی طور پر 167 روڈ ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 189 افراد متاثر ہوئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق تمام متاثرین کو بروقت امدادی اور طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ حادثات کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 84 افراد شدید اور 102 افراد معمولی زخمی ہوئے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اپنے اوسط ریسپانس ٹائم کو برقرار رکھتے ہوئے تمام حادثات کے مقامات پر بروقت پہنچیں اور متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی۔اعداد و شمار کے مطابق حادثات میں سب سے زیادہ تعداد موٹر سائیکل اور کار سواروں کی رہی۔

متاثرہ افراد میں 157 مرد اور 32 خواتین شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر حادثات تیز رفتاری، دورانِ ڈرائیونگ لاپرواہی، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، ٹائروں کے پھٹنے اور دیگر وجوہات کے باعث پیش آئے۔

حادثات کا شکار ہونے والوں میں اکثریت 11 سے 40 سال عمر کے افراد پر مشتمل تھی۔ریسکیو 1122 راولپنڈی کا کہنا ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے لیے مسلسل آگاہی مہمات جاری ہیں،

تاہم شہریوں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی ہی ایسے حادثات کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔دوسری جانب عید کے تین روز کے دوران ضلع راولپنڈی میں آگ لگنے کے 46 واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

ریسکیو فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام مقامات پر آگ پر قابو پایا اور کسی بھی جانی نقصان یا زخمی ہونے کے واقعے کو رونما نہیں ہونے دیا۔ریسکیو حکام کے مطابق پیشہ ورانہ مہارت اور فوری کارروائی کے باعث تقریباً 19 ملین روپے مالیت کی املاک کو ممکنہ نقصان سے محفوظ بنایا گیا۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.