The news is by your side.

راولپنڈی ڈویژن، ضلعی اور پولیس انتظامیہ کے 5 اہم افسران تبدیل

نئی تعیناتیوں کے احکامات جاری، ان تبادلوں میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر ، سٹی پولیس آفیسر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز شامل،

0

حکومتِ پنجاب نے صوبائی انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے راولپنڈی ڈویژن، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے مجموعی طور پر 5 اعلیٰ افسران کو تبدیل کر دیا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی جانب سے جاری کردہ الگ الگ نوٹیفیکیشنز کے مطابق ان تبادلوں میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر ، سٹی پولیس آفیسر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر اپنے عہدے چھوڑنے اور نئی جگہوں پر رپورٹ کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن محمد عبدالحکیم خٹک کا راولپنڈی سے تبادلہ کر کے انہیں فوری طور پر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب، لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں بعد میں ان کی اگلی پوسٹنگ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کی سطح پر راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ (PAS/BS-18) کو بھی ان کے عہدے سے تبدیل کر کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ اب فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) ندیم ناصر (PAS/BS-19) کو راولپنڈی کا نیا ڈپٹی کمشنر تعینات کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ میں مزید اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) راولپنڈی کیپٹن (ر) شہریار شیرازی(PAS/BS-18) کا بھی تبادلہ کر کے انہیں لاہور رپورٹ کرنے کا پابند کیا گیا ہے جبکہ ان کی خالی ہونے والی سیٹ پر کیپٹن (ر) طیب سمیع خان (PAS/BS-18) کو راولپنڈی کا نیا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) مقرر کیا گیا ہے جو اس سے قبل ایل ڈی اے لاہور میں ڈائریکٹر جنرل تھے۔

پولیس انتظامیہ اور اسسٹنٹ کمشنر کی سطح پر بھی تبدیلیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی(PSP/BS-19) کو فوری طور پر تبدیل کر کے سنٹرل پولیس آفس (سی پی او) پنجاب، لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

دوسری طرف تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی (صدر) حاکم خان (PMS/BS-17) کو تبدیل کر کے ایڈمنسٹریشن ونگ ایس اینڈ جی ڈی اے رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں اور ان کی جگہ کوٹ مومن کے اسسٹنٹ کمشنر محمد اختر (PMS/BS-17) کو راولپنڈی کا نیا اسسٹنٹ کمشنر صدر تعینات کر دیا گیا ہے۔ گورنر پنجاب کی منظوری سے جاری ہونے والے ان تمام احکامات پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.