گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا معاہدہ۔
معاہدہ آغا خان فاؤنڈیشن پاکستان اور بینک الفلاح کے درمیان طے پایا،منصوبے سے گلگت، غذر اور ہنزہ میں 13 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ تقریب میں یو اے ای کے سفیر کی بھی شرکت ۔
اسلام آباد: آغا خان فاؤنڈیشن پاکستان اور بینک الفلاح نے گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی، صاف پانی کی فراہمی، آبپاشی نظام کی تعمیر نو اور ماحولیاتی لچک کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ بحالی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے سے گلگت، غذر اور ہنزہ میں 13 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
منصوبے پر عملدرآمد آغا خان ایجنسی فار ہیبی ٹیٹ، فوکس ہیومینیٹیرین اسسٹنس اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے تعاون سے کیا جائے گا، جبکہ اس شراکت داری میں یو اے ای سفارتخانہ، ایشیائی ترقیاتی بینک، یورپی یونین، گلوبل افیئرز کینیڈا اور دیگر ترقیاتی ادارے بھی شامل ہیں۔
اس پروگرام کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیلاب سے بچاؤ کے ڈھانچوں کی تعمیر، زرعی سرگرمیوں کی بحالی اور ہنگامی رہائش کی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا۔ منصوبے کی مجموعی لاگت 66 ملین روپے ہے، جس میں بینک الفلاح اور آغا خان فاؤنڈیشن پاکستان کی مشترکہ مالی معاونت شامل ہے۔
بینک الفلاح کے صدر و سی ای او عاطف باجوہ نے کہا کہ یہ اقدام سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کی بحالی اور پائیدار ترقی کے لیے بینک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ آغا خان فاؤنڈیشن پاکستان کے سی ای او اختر اقبال نے اس شراکت داری کو مستقبل کے ماحولیاتی خطرات کے مقابلے میں کمیونٹیز کو مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔