The news is by your side.

پاکستانی ڈرامے درِِ نجات کی بھارت میں دھوم،بھارتی خواتین ابوبکر کی دیوانی ہوگئیں

ڈرامہ بھارتی مرد و خواتین میں یکسان مقبول دکھائی دینے لگا ، نئی دہلی کے ایک کیفے میں بھارتی مداحوں کی جانب سے خصوصی واچ پارٹی کا اہتمام

0

پاکستانی ڈرامے ’’درِ نجات‘‘ نے بھارت میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرنا شروع کر دیے، بھارتی لڑکیاں ڈرامے کے ہیرو ابو بکر کی شخصیت سے اس قدر متاثر ہیں کہ سوشل میڈیا پر کوئی محبت کا اظہار کر رہی ہے تو کوئی شادی کی پیشکش اور دعوت دے رہی ہے۔

پاکستانی ڈرامہ ان دنوں بھارتی سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ ڈرامے میں شہریار منور کی جانب سے ادا کیے گئے کردار ابو بکر کو بھارتی خواتین ناظرین کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔ ان کے نرم مزاج، محبت بھرے رویے، تحمل اور اپنی شریکِ حیات کے احترام پر مبنی کردار نے ناظرین کو متاثر کیا ہے۔

ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نئی دہلی کے ایک کیفے میں بھارتی مداحوں نے خصوصی واچ پارٹی کا اہتمام کیا، جہاں ڈرامے کی 33ویں قسط اجتماعی طور پر دیکھی گئی۔ تقریب میں تقریباً 45 افراد شریک ہوئے جبکہ منتظمین کے مطابق سیکڑوں افراد نے شرکت میں دلچسپی ظاہر کی۔ ڈرامے کے ہدایت کار ثاقب خان نے بھی آن لائن شرکت کی اور مداحوں سے تقریباً 40 منٹ تک گفتگو کی۔

بھارتی اخبار دی ٹریبیون نے بھی شہریار منور کے کردار ابو بکر کی مقبولیت پر خصوصی مضمون شائع کیا ہے، جس میں بتایا گیا کہ بھارتی خواتین ناظرین اس کردار کو ایک مثالی، خیال رکھنے والے اور محبت کرنے والے شوہر کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔ شہریار منور کے مطابق انہیں خواتین کی جانب سے ایسے پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن میں ان کے ادا کردہ کردار کو سراہا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ڈرامے کی مقبولیت نے بھارت میں ایک نئی بحث بھی چھیڑ دی ہے۔ بعض حلقے پاکستانی ڈرامے کی بھارت میں نمائش اور مداحوں کی تقریبات پر اعتراض کر رہے ہیں، جبکہ  شائقین کا کہنا ہے کہ فن اور تفریح کو سیاسی اختلافات سے الگ دیکھا جانا چاہیے۔ بنگلورو میں بھی ڈرامے کی بعض مجوزہ تقریبات سوشل میڈیا پر مخالفت اور پولیس کی جانچ پڑتال کے بعد منسوخ ہوئیں۔

یوں پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باوجود پاکستانی ڈرامہ ’’درِ نجات‘‘ بھارتی ناظرین میں مقبولیت حاصل کر رہا ہے اور شہریار منور کا کردار ابو بکر سرحد پار بھی موضوعِ گفتگو بن گیا ہے۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.