The news is by your side.

سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا دورہ سعودی عرب،

اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں،دوطرفہ تعاون، علاقائی سلامتی کی موجودہ صورتحال اور مستقبل میں دفاعی اشتراک کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

0

سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران رائل سعودی ایئر فورس کے کمانڈر، لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز، اور چیف آف جنرل اسٹاف، جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے ملاقات کی۔ سربراہ پاک فضائیہ کی آمد پر انہیں رائل سعودی ایئر فورس کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کرتے ہوئے تاریخی اور شاندار استقبال کیا گیا.

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعاون، علاقائی سلامتی کی موجودہ صورتحال اور مستقبل میں دفاعی اشتراک کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے فضائی سربراہان نے موجودہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تربیت، آپریشنل اشتراک اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے کے ذریعے باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے  کے امر پر زور دیا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کو باہمی اعتماد، تزویراتی ہم آہنگی اور پائیدار برادرانہ تعلقات کی واضح توثیق کا عملی نمونہ قرار دیا گیا.  دونوں فریقین نے دفاعی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرتے ہوئے اشتراکِ عمل کے دائرۂ کار کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دینی اقدار، باہمی احترام اور تزویراتی ہم آہنگی پر مبنی تاریخی اور برادرانہ تعلقات  کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ اور کثیرالقومی مشقوں کے ذریعے عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

سعودی عسکری قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل برتری اور حربی تیاریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ہوا بازی اور ایرو اسپیس صنعت میں اسکی بڑھتی ہوئی مقامی صلاحیتوں کا بھی اعتراف کیا۔

 

 

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.