PSL میں نئی تاریخ رقم، ساتویں ٹیم 175 کروڑ، 8ویں فرنچائز 185 کروڑ میں فروخت
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں دو نئی فرنچائز شامل کرنے کے لیے بولی کا عمل اسلام آباد جناح کنونشن میں مکمل ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات اور وزیر داخلہ بھی اس موقع پر موجود
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کا عمل مکمل ہوا جہاں ساتویں فرنچائز ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے میں خرید لی جبکہ آٹھویں فرنچائز کو اوزیڈ ڈیولپرز نے ریکارڈ 185 کروڑ روپے میں خرید لی۔
ساتویں فرنچائز کی نیلامی کے لیے اولین رقم ایک ارب 10 کروڑ روپے رکھی گئی، آئی ٹو سی گروپ کی جانب سے ایک ارب 55 کروڑ روپے کی بولی دی گئی، تاہم ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ کی بولی لگاکر ساتویں فرنچائز کی نیلامی جیت لی اور اس فرنچائز کا نام حیدرآباد رکھنے کا اعلان کیا۔
آٹھویں ٹیم کی نیلامی
پی ایس ایل کی آٹھویں ٹیم کی بولی کے لیے 170 کروڑ روپے بس پرائزرکھی گئی، جس کے لیے سب سے پہلے آئی ٹو سی گروپ نے 172 کروڑ روپے کی پیش کش کی، جس کے جواب میں ایم نیکسٹ گروپ نے 173 کروڑ روپے کی پیش کش کردی تاہم آئی ٹو سی نے اس کے بعد وقفہ لیا۔ایم نیکسٹ نے وقفے کے بعد 176 کروڑ کی بولی لگا دی، اوزیڈ ڈیولپرز نے 178 کروڑ کی پیش کش کردی۔
آئی ٹو سی نے 180 کروڑ روپے کی بولی لگادی جبکہ اوزیڈ ڈیولپرز نے وقفہ لیا اور واپسی پرایک کروڑ کا اضافہ کرتے ہوئے 181 کروڑ روپے کی بولی لگا دی جبکہ آئی ٹو سی نے 182 کروڑ کی پیش کش کردی۔
پی ایس ایل کی آٹھویں ٹیم کی بولی کے لیے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے اوزیڈ ڈیولپرز نے بولی میں بڑی چھلانگ لگائی اور پی ایس ایل کی آٹھویں ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 185 کروڑ روپے کی کامیاب بولی لگا دی اور لیگ کی مہنگی ترین ٹیم خرید لی۔