The news is by your side.

امریکہ پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے،مارکو روبیو

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے سٹریٹجک تعلقات کو وسعت دینے کا موقع تلاش کر رہا ہے۔

0

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے سٹریٹجک تعلقات کو وسعت دینے کا موقع تلاش کر رہا ہے۔

دوحہ روانگی کے دوران طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا: ’ہم پاکستان کے ساتھ اپنے سٹریٹجک تعلقات کو وسعت دینے کا موقع دیکھ رہے ہیں۔ ہمارا کام یہ سمجھنا ہے کہ کتنے ممالک کے ساتھ ہم مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کر سکتے ہیں۔‘

روبیو نے بتایا کہ واشنگٹن نے حالیہ علاقائی کشیدگی سے قبل ہی اسلام آباد کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی کوششیں شروع کر دی تھیں۔

انہوں نے کہاکہ ’یہ تنازع شروع ہونے سے بھی پہلے میں نے ان سے رابطہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ہم آپ کے ساتھ اتحاد اور ایک سٹریٹجک شراکت دوبارہ قائم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔‘

انہوں نے اعتراف کیا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات طویل عرصے سے انسدادِ دہشت گردی کے تعاون پر مبنی رہے ہیں مگر اب دونوں ممالک تعاون کے وسیع تر شعبوں کی تلاش کر رہے ہیں۔

روبیو نے کہا: ’ہم چاہتے ہیں کہ اگر ممکن ہو تو اس تعاون کو اس سے آگے بڑھایا جائے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس میں کچھ مشکلات اور چیلنجز ہوں گے۔ لیکن میرا خیال ہے کہ یہ حوصلہ افزا بات ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔‘

روبیو کے مطابق پاکستان اور انڈیا تاریخی حریف ہیں جس سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے پوری طرح آگاہ ہیں لیکن انہوں نے زور دیا کہ ایک ملک کے ساتھ مضبوط تعلقات کا مطلب دوسرے کے ساتھ کمزور تعلقات نہیں۔

 انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ اقدام واشنگٹن کے انڈیا کے ساتھ طویل عرصے سے قائم تعلقات کو کمزور نہیں کرے گا۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.