اسحاق ڈار کی ڈھاکہ میں جماعت اسلامی کے امیر شفیق الرحمان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک،بنگلادیش تعلقات پر تبادلہ خیال ، شفیق الرحمن نے پاکستانی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا ، دونوں ملکوں کے تعلقات میں مضبوطی کی خواہش کا اظہار،
ڈھاکہ:پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اتوار کو جماعت اسلامی کے امیر شفیق الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
اسحاق کے ساتھ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، پاکستان کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیا اور سارک) الیاس محمود نظامی، بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر، ڈپٹی ہائی کمشنر محمد واصف اور پولیٹیکل قونصلر کامران دنگل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران، پاکستان کے وزیر خارجہ نے شفیق کے ساتھ مبارکباد کا تبادلہ کیا، ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا، اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
جماعت کے امیر نے بشکریہ دورے پر پاکستانی رہنما کا شکریہ ادا کیا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امیر سید عبداللہ محمد طاہر، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اور مرکزی شعبہ نشر و اشاعت کے سربراہ ایڈووکیٹ احسان المحبوب زبیر اور جماعت اسلامی کے مشیر برائے امور خارجہ پروفیسر ڈاکٹر محمود الحسن چودھری بھی موجود تھے۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ ایک دو طرفہ معاہدے اور مفاہمت کی پانچ یادداشتوں پر دستخط کیے تھے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم دو روزہ سرکاری دورے پر ہفتے کی سہ پہر ڈھاکہ پہنچے۔