لاہور۔پاکستان کی خوبصورت اداکارہ اور ماڈل صحیفہ جبار خٹک نے اپنی فٹنس کا راز بے نقاب کر دیا ہے۔
حال ہی میں، صحیفہ جبار اداکار اور میزبان فیصل قریشی کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز اور اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
فیصل قریشی نے صحیفہ سے سوال کیا کہ کیا وہ فٹنس کے لیے جم جاتی ہیں؟ جس پر صحیفہ نے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے جم نہیں جا رہیں اور اگر وہ کبھی جم جوائن بھی کرتی ہیں تو انہیں اس بات کا دکھ ہوتا ہے کہ وہ فیس تو دے دیتی ہیں، مگر دو دن بعد دوبارہ نہیں جا پاتیں۔
صحیفہ نے اپنے فٹنس کے راز کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈپریشن کی وجہ سے تیزی سے وزن کم کر چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سالوں سے اپنے شوہر سے دور ہیں اور نہ تو ان کے شوہر کینیڈا سے پاکستان آ سکتے ہیں، نہ ہی وہ خود کینیڈا جا سکتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مسلسل ڈپریشن میں رہیں اور اس کا اثر ان کی فٹنس پر پڑا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ شوہر سے دوری کی وجہ سے انہیں ذہنی اذیت کا سامنا ہے، اور اگر شوہر اچھے نہ ہوں تو دوری کا غم نہیں ہوتا، لیکن ان کے شوہر بہت اچھے انسان ہیں، اور ان کے بغیر رہنا ان کے لیے انتہائی مشکل ہے۔
فیصل قریشی نے بھی صحیفہ کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صحیفہ کے شوہر سے ملاقات کی ہے، اور وہ واقعی بہت اچھے انسان ہیں۔
یاد رہے کہ صحیفہ جبار خٹک اپنے سوشل میڈیا پر بھی اپنے شوہر کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر کے ان سے اپنی محبت کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔
صحیفہ جبار نے ڈرامے "لوگ کیا کہیں گے”, "بھول”, "رفتہ رفتہ” اور "بیٹی” میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، اور ان کا ڈرامہ "بیٹی” ان کے لیے شہرت کا باعث بنا، جو خاصا مقبول بھی رہا۔