جینیوا: کشمیریوں کی بڑی تعداد نے جینیوا میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یورپ کے مختلف ممالک سے آئے ہوئے کشمیری اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے جمع ہوئے اور مودی حکومت کی کشمیر مخالف پالیسیوں اور مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔ مظاہرین کے نعروں سے جینیوا کی فضا "مودی مردہ باد” اور "بھارت مردہ باد” کے فلک شگاف نعرے گونج اٹھے۔
شرکاء نے شہدا کی تصاویر اور بھارت مخالف نعروں کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، اور انہوں نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حق میں "آزادی دو” کے نعرے لگائے۔ مظاہرین نے گرفتار حریت قیادت کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔
مظاہرے میں اٹلی، فرانس، بلجیم، جرمنی، اسپین، برطانیہ اور سوئٹرز لینڈ کے کشمیری تارکین وطن کے رہنماوں نے خطاب کیا اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔