اسلام آباد۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔ دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی کے بجائے اب ملتان میں کھیلا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 سے 28 اکتوبر تک ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تین ٹیسٹ میچوں کے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ دوسرا ٹیسٹ جو اصل میں کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں 15 سے 19 اکتوبر تک پلان کیا گیا تھا اب ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ بقیہ دو ٹیسٹ اصل پروگرام کے مطابق کھیلے جائیں گے یعنی پہلا ٹیسٹ ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک ہوگا اور تیسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 24 سے 28 اکتوبرتک کھیلا جائے گا۔ دوسرے ٹیسٹ کو کراچی سے ملتان منتقل کر نے کی وجہ یہ ہے کہ اگلے سال ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر کام جاری ہے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور راولپنڈی کے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی کھیلے جائیں گے۔