کرکٹ ٹیم کی مسلسل ناکامیاں ،پی سی بی نے بلاخر نوٹس لے لیا،7 کھلاڑی اور کوچ فارغ
پاکستان میں حکام کی عدم توجہی کے باعث کرکٹ کا کھیل زبوں حالی کا شکار ، اچھے کھلاڑیوں کی تیاری کا ملک میں کوئی نظام موجود نہیں
اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران قومی کی انتہائی ناقص اور شرمناک کارکردگی کا بلاخر نوٹس لیتے ہوئے ٹیم کے اندر ایک بڑا آپریشن کر ڈالا جس کے تحت ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل 7 کھلاڑیوں کو ٹیم سے ریلیز کردیا، اوران کی جگہ 7 متبادل کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ کے مطابق محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، عامر جمال، علی عثمان، اویس ظفر اور خرم شہزاد اب ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
قومی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری میچ ابھی باقی ہے۔
بورڈ کے مطابق متبادل کے طور پر عرفات منہاس، محمد عمران جونیئر، سعد بیگ، محمد عمران رندھاوا اور رضا اللہ سمیت 7 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ان میں 5 کھلاڑیوں نے تاحال ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کی، جبکہ 2 کھلاڑی پہلے ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔
نئے شامل کیے جانے والے کھلاڑی تیسرے ٹیسٹ سے قبل انگلینڈ میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
اس کے علاوہ ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ٹیم سے ریلیز کردیا گیا ہے، جبکہ وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے کو معاون عملے میں شامل کرلیا گیا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 ستمبر سے کھیلا جائے گا، جس میں قومی ٹیم سیریز میں وائٹ واش سے بچنے کی کوشش کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اندر کرکٹ کا کھیل اب اپنی آخری سانسیں لیتا دکھائی دے رہا ہے جس کی وجہ سابق کھلاڑیوں کا مافیاز کے انداز میں ٹیم پر مسلط ہونا ارباب اختیار کی جانب سے کرکٹ کا ڈھانچہ تیار کرنے میں ناکامی ہے