اسلام آباد: تحریک انصاف نے آئینی ترامیم کی مشروط حمایت کی پیشکش کردی ہے۔پارلیمانی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آئینی ترامیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔خورشید شاہ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی شرکت کی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے خصوصی کمیٹی کے سامنے اپنی آئینی ترمیم پیش کی، پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ہماری ترمیم کو منظور کرلے تو اتفاق رائے ممکن ہے۔اجلاس کے بعد چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی میں ان کیمرہ گفتگو ہوئی، رات کے اندھیرے کی ترامیم کی بات ہو رہی ہے، حکومت نے آج بھی ہم سے بل شیئر نہیں کیا، عدلیہ کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، حکومت نے یہ نہیں کہا کہ ووٹنگ آج کروانی ہے۔مولانا فضل الرحمان کی کسی تجویز پر عمل نہیں ہوا، ہم نے صرف سنا ہے اور کوئی تجویز نہیں دی، ابھی اجلاس شروع ہونے والا ہے مگر بل کسی کے پاس نہیں ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ووٹ دینے سے متعلق دو ستمبر کو ہم نے اپنے ارکان پارلیمنٹ کو ہدایات جاری کر دی تھیں، ہم نے اپنی ہدایات کی مکمل فائل اسپیکر آفس میں بھی جمع کرائی ہے۔