ملتان(نیوز رپورٹر)ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے علی قاسم گیلانی نے میدان مارلیا ہےپاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی قاسم گیلانی83270 ووٹ لئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے تیمور الطاف ملک 52793 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔اس سے قبل حلقہ این اے 148 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔
این اے 148 ملتان کے ضمنی الیکشن میں مجموعی طور پر 7 امیدواروں نے انتخاب میں حصہ لیا تاہم سب سے سخت مقابلہ حسب توقع حکمران اتحاد کے حمایت یافتہ پیپلز پارٹی کے امیدوار علی قاسم گیلانی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحادی کونسل کے امیدوار تیمور الطاف میں ہوا۔حلقے میں 4 لاکھ 44 ہزار 231 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، ان میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 624 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 10 ہزار 607 ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی الیکشن کے لیے حلقے میں 275 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، خواتین اور مرد ووٹرز کے لیے 72، 72 پولنگ اسٹیشن مختص کیے گئے جبکہ 131 پولنگ اسٹیشن مشترکہ ہیں۔275 پولنگ اسٹیشن میں 933 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، ان میں مرد ووٹرز کے لیے 485 جبکہ خواتین کے لیے 448 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔
ضمنی الیکشن کے لیے 2248 پولنگ اسٹاف کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، ان میں 275 پریذائیڈنگ افسران، 933 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ اور 933 ہی پولنگ افسران شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے ان پولنگ سٹیشنز میں سے 69 کو حساس قرار دیا ہے جبکہ 3 ہزار800 پولیس افسر اور اہلکاروں نے سیکیورٹی فرائض انجام دیے جبکہ حساس پولنگ اسٹیشن پر پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی تعینات رہے۔