سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج کی جارحیت میں 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کلگام میں بھارتی فوج نے محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی،
چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ اس دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔قابض بھارتی فوج کی فائرنگ میں 3 کشمیری نوجوان موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ ان کے گھر کو بھی مسمار کردیا گیا
اور لاشیں لواحقین کے حوالے کرنے کے بجائے پولیس کو دیدی گئیں۔شہید نوجوانوں کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی لاشوں کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
علاقہ مکینوں نے اس ظلم و بربریت کے خلاف شدید احتجاج کیا اور جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی۔اس واقعے کے بعد سے قابض بھارتی فوج نے پہلے پونچھ اور اب ضلع کلگام میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔