تہران(یو این آئی) عراق میں امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے پاسداران انقلاب کے جنرل قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی ان کی قبر کے نزدیک دو بم دھماکوں میں 103 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
تہران کے سرکاری میڈیا کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب جنرل قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی پر مسجد صہیب الزماں کے ساتھ ان کی قبر کے نزدیک اجتماع میں سیکڑوں افراد موجود تھے۔
دھماکوں کی نوعیت اور مواد سے متعلق تاحال کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اجتماع میں بھگدڑ مچ گئی۔ درجنوں لوگ قدموں تلے کچلے گئے۔
ڈپٹی گورنر نے دھماکوں کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے 103 افراد کی ہلاکت اور 60 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ زخمیوں میں سے کم از کم 15 کی حالت تشویشناک ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جس سکتا ہے کہ جائے وقوعہ پر جا بجا لاشیں بکھری پڑی ہیں اور ایمبولینسوں لاشیں اور زخمیوں کو لے کر جارہی ہیں۔تاحال کسی گروپ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔