وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز،مولانا فضل الرحمن پر حملہ آور
وزیر داخلہ نے مولانا کا نام لیے بغیر ان پر اسٹیبلشمنٹ سہارے سیاست کرنے کا الزام لگایا تو مریم نواز نے انھیں دہشت گردوں کی حمایت کرنےوالا قرار دے دیا۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے جے یو آئی کے امیر مولانا فضؒل الرحمن کے خلاف ہارڈ لائن لیتے ہوئے ان پر سنگین الزامات عائد کر دیے،
وزیر داحلہ محسن نقوی نے لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک جماعت کے سربراہ گورنر راج میں حصہ نہ ملنے پر شدید ناراض ہیں،
انھوں نے کہا کہ ایسے سیاستدانوں کو دوسروں پر انگلیاں اٹھانا زیب نہیں دیتا جو ماضی میں کئی دہائیوں تک اسٹیبلشمنٹ کے سہارے سیاست کرتے رہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ وہی سیاستدان ہیں جو اپنی سیاسی جماعت کے ہوائی ٹکٹ بھی اسٹیبلشمنٹ سے بنواتے تھے۔ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن غیر شائستہ زبان اور الزام تراشی کے بجائے دلائل اور حقائق کی بنیاد پر بات ہونی چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آج سابق فاٹا کے اضلاع کے وسائل کے معاملے پر بہت تشویش ہو رہی ہے، لیکن جب کئی سال تک ان اضلاع کو ان کا جائز حصہ نہیں مل رہا تھا تو یہ لوگ خاموش کیوں تھے؟

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جیسے سیاست دان کی جانب سے دہشت گردی کی پشت پنای کرنے والوں اور خیبرپختونخوا کی بربادی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے بجائے ان کی حمایت کرنا افسوس ناک ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے سینئر سیاست دان، جو خود دہشت گردی کا شکار رہے ہیں، سے دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کی حمایت کی توقع نہیں تھی،خیبر پختونخوا کی بربادی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے بجائے ان کی حمایت میں بات کرنا نہایت افسوس ناک ہے۔