فلائی دبئی کی پرواز کے دوران پائلٹس میں جھگڑا،طیارے کی تبوک میں ہنگامی لینڈنگ
مسافر محفوظ رہے،لڑائی کے باعث دونوں پائلٹس شدید زخمی،، ہسپتال پہنچا دیا، واقعے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی ، ائیرلائن کی جانب سے واقعے پر مکمل خاموشی، تحقیقات شروع۔
دبئی:فلائی دبئی کی تل ابیب جانے والی پرواز کے کاک پٹ میں پائلٹوں کے درمیان شدید جھگڑا، دونوں پائلٹ زخمی، ہسپتال پہنچا دیے گئے، جھگڑے کی وجوحات بارے کئی قیاس آرائیاں۔
تفصیلات کے مطابق فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 نے بدھ، 30 ستمبر کو دبئی سے تل ابیب (اسرائیل) جانے والی پرواز منزل مقصود پر پہنچنے کی بجائے سعودی عرب کے شہر تبوک میں ہنگامی لینڈنگ کر گئی۔ ایئرپورٹ آپریٹر کے مطابق پرواز کے دونوں پائلٹس زخمی پائے گئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق شریک پائلٹ کی جانب سے طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کے دوران کپتان کو چاقو مارا۔ تاہم یہ دعویٰ ابھی تک فلائی دبئی یا سعودی حکام کی جانب سے باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کیا گیا۔
پرواز نے ابتدائی طور پر ٹرانسپونڈر پر ہنگامی کوڈ 7500 فعال کیا اور پھر تبوک کی جانب رخ کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے تحت واقعے کو پائلٹس کے درمیان جھگڑا قرار دیا جا رہا ہے ۔
فلائی دبئی نے ایک بیان میں کہا کہ پرواز FZ1073 کو دورانِ سفر ایک واقعے کا سامنا کرنا پڑا، تاہم طیارے نے بحفاظت تبوک میں لینڈنگ کی اور تمام مسافر محفوظ ہیں اور ان کی موجودگی کی تصدیق کر لی گئی ہے، تاہم ایئرلائن نے واقعے کی نوعیت سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
دونوں پائلٹس زخمی، ہسپتال منتقل
تبوک کے پرنس سلطان بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا انتظام چلانے والے کلسٹر ٹو ایئرپورٹس کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر کو پرواز FZ1073 کی جانب سے صبح 8 بج کر 44 منٹ پر ہنگامی کال موصول ہوئی۔
حکام کے مطابق طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 45 منٹ پر بحفاظت تبوک ایئرپورٹ پر اترا۔
پرواز میں بوئنگ 737 میکس 8 طیارہ استعمال کیا جا رہا تھا۔ طیارے میں 174 مسافر سوار تھے، جن میں 27 بچے بھی شامل تھے۔