نورستان سے متعلق افغان طالبان حکومت کے الزامات بے بنیاد ہیں، پاکستان
نورستان کے واقعات میں پاکستان کے ملوث ہونے کے حوالے سے کوئی قابلِ تصدیق ثبوت پیش نہیں کیے گئے۔ وزارت اطلاعات و نشریات
اسلام آباد: پاکستان نے نورستان میں ہونے والی جھڑپوں سے متعلق افغان طالبان حکومت کے عائد کردہ الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان کا نورستان یا افغانستان میں کسی بھی اندرونی جھڑپ سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کے ملوث ہونے کے دعوے بھی بے بنیاد ہیں۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق سابق افغان اہلکاروں کی بھرتی یا تربیت اور داعش سمیت کسی بھی دہشت گرد گروہ کی سہولت کاری کے الزامات بھی مسترد کیے جاتے ہیں۔ پاکستان کے ملوث ہونے کے حوالے سے کوئی قابلِ تصدیق ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ الزامات کے حق میں نہ کسی فرد کی شناخت، نہ دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد فراہم کیے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش مبینہ ویڈیو بھی پاکستان سے کسی تعلق کو ثابت نہیں کرتی۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کی مسلسل رپورٹس افغانستان میں مختلف دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی نشاندہی کرتی ہیں۔ افغان سرزمین پر سرگرم دہشت گرد گروہ پاکستان اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے والی طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام باعثِ تعجب ہے۔ طالبان حکومت کو چاہیے کہ اپنے داخلی سلامتی کے مسائل کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کرنے کے بجائے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف قابلِ تصدیق کارروائی کرے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ طالبان حکومت اپنے اس وعدے پر عمل کرے کہ افغان سرزمین پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق غیر شمولیتی اور غیر نمائندہ طالبان حکومت کے ایسے دعوے داخلی اختلافِ رائے اور خواتین، بچوں اور اقلیتوں پر مبینہ جبر سے توجہ ہٹانے کی کوششوں کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔