پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج،
حکومت نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو ملک گیر شٹر ڈاؤن ، پہیہ جام ہوگا، سڑکیں بلاک کردیں گے ، حکمران عوام کا خون نچوڑنا بند کریں۔ اٹھارہ مئی کو پٹرولیم لیوی کو آئینی عدالت میں چیلنج کرینگے۔ حافظ نعیم الرحمن کا خطاب۔
اسلام آباد: امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو ملک گیر شٹر ڈاؤن ، پہیہ جام ہوگا، سڑکیں بلاک کردیں گے ، حکمران عوام کا خون نچوڑنا بند کریں۔ اٹھارہ مئی کو پٹرولیم لیوی کو آئینی عدالت میں چیلنج کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد آب پارہ چوک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف بڑے احتجاج مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا ،امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم ، امیر کے پی وسطی عبدالواسع اور سیکریٹری اسلام آباد جماعت زبیر صفدر نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔
ڈپٹی سیکریٹری فراست شاہ ، معاون خصوصی امیر جماعت عمیر ادریس ، سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مظاہرہ میں سابق رکن اسمبلی عائشہ سید اور ناظمہ اسلام آباد قدسیہ ناموس کی قیادت میں خواتین نے بھی بہت بڑی تعداد شرکت کی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا اسلام آباد سے مہنگائی کے خلاف تحریک کا آغاز ہوگیا، ہفتہ کو چترال اور اس سے اگلے روز دیر پائیں میں تاریخی جلسے ہوں گے، ملک گیر ہڑتال اورپہیہ جام پر مشاورت کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ جاری احتجاجی تحریک میں عید کے بعد مزید تیزی آئے گی ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اب تک پٹرولیم لیوی سے آٹھ ہزار چھیاسٹھ ارب اکٹھے کیے ، اس میں سے سو ارب بھی پٹرولیم انفراسٹرکچر (Infrastructure ) کی بہتری پر نہیں لگایا گیا،
حکمران عوام سے ٹیکس وصول کرکے عیاشیاں کرتے اور آئی پی پیز مالکان کا پیٹ بھرتے ہیں۔ حکمرانوں نے پٹرولیم لیوی لگا کر صرف موٹر سائیکل سواروں سے چھ ہزار ارب بٹور لیے،