راولپنڈی:چین کے شہر سانیہ میں پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز PNS/M ہنگور کی کمیشننگ تقریب۔ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے آبدوز کی شمولیت کو پاک بحریہ کی جدت میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، سمندری مفادات کے تحفظ اور معاشی شہ رگوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
![]()
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ اہم سمندری گزرگاہوں پر بڑھتے ہوئے خطرات عالمی تجارت اور توانائی کے تحفظ کے لیے چیلنج بن رہے ہیں، جس کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحری قوت ناگزیر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ہتھیاروں، سینسرز اور ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن سسٹم سے لیس ہیں، جو خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ “ہنگور” نام پاکستان کی تاریخ میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے
1971 میں ہنگور آبدوز نے دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی بار کسی جنگی جہاز کو غرق کیا تھا۔ نئی PNS/M ہنگور اسی شاندار روایت کو آگے بڑھائے گی اور پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گی۔
![]()
یہ کمیشننگ تقریب پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور دفاعی تعاون کا مظہر بھی ہے۔ تقریب میں پاک بحریہ اور چینی بحریہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے اس تاریخی کامیابی پر قوم اور پاک بحریہ کو مبارکباد پیش کی۔