قیمتوں میں استحکام ایک معاشی ترجیح نہیں بلکہ عوام سے ہمارا وعدہ ہے۔احسن اقبال
قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس،روزمرہ زندگی کو متاثر کرنے والے تمام عوامل بشمول بنیادی اشیائے ضروریہ سے لے کر ٹرانسپورٹ کے کرایوں تک کا جامع جائزہ لیا گیا۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت مارکیٹ میں نظم و ضبط، شفافیت اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے،قیمتوں میں استحکام صرف ایک معاشی ترجیح نہیں بلکہ یہ عوام سے ہمارا وعدہ ہے۔
وزارت منصوبہ بندی کے مطابق وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کے تناظر میں قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس طلب کیا گیا جس کا مقصد عوام کو غیر ضروری مالی دباؤ سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کو یقینی بنانا تھا،
اجلاس میں روزمرہ زندگی کو متاثر کرنے والے تمام عوامل بشمول بنیادی اشیائے ضروریہ سے لے کر ٹرانسپورٹ کے کرایوں تک کا جامع جائزہ لیا گیا اور اس حوالہ سے متعلقہ اداروں کو واضح، بروقت اور قابلِ عمل ہدایات جاری کی گئیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد کی سمگلنگ کے خلاف فوری اور مؤثر کریک ڈاؤن کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ہفتہ وار مانیٹرنگ سسٹم کے تحت ہر جمعہ کو این پی ایم سی کے اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ بلاجواز اضافہ کو روکا جا سکے۔
حکومت کی جانب سے صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کرایوں کا تعین موجودہ سبسڈیز کے مطابق یقینی بناتے ہوئے تمام صوبوں میں کرایہ ناموں کا فوری اجراء کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اشیائے ضروریہ کی تھوک اور پرچون قیمتوں کا باقاعدگی سے اعلان کیا جائے۔