پاکستان کی جانب سے خلیجی ممالک کو اشیائے خردونوش کی فراہمی شروع،
کویت کو 6 شپمنٹس پہچا دی گئیں،بھجوائی جانے والی کھیپ چالیس اشیاء پر مشتمل، اشیاء کی فراہمی کے لیے عمان کے راستے کا بھی استعمال،ملکی ضروریات کا بھی خیال رکھا جا رہا ہے ،ذرائع
اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے خلیجی ممالک کو اشیائے خردونوش کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا، حکومت کے اس فیصلے کے تحت اب تک کھانے پینے کی مختلف اشیاء پر مشتمل 6 شپمنٹس کویت پہنچا دی گئیں،
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے متعلقہ اداروں کو خلیجی ممالک کو اشیائے خرودنوش بھجوانے کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاکہ وہاں ان اشیاء کی قلت کو کنٹرول کیا جا سکے،
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کو اشیائے خوردونوش کی سپلائی پر روزانہ کی بنیاد پر ایک میٹنگ ہوتی ہے،
ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ وزارتوں کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ کے ممالک سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ وہاں 56 اشیاء قلت سے دوچار ہو رہی ہیں جن میں 16 اشیاء کی ملکی ضرورت کے باعث برآمد ممکن نہیں تھی تاہم باقی چالیس اشیاء پاکستان کے پاس سرپلس ہونے کی وجہ سے ان کی برآمد شروع کر دی گئ،
ان سرپلس اشیاء میں چاول، چینی، خوردنی تیل ، سبزیاں، پھل ، گوشت، پولٹری اور ڈیری پراڈکٹس سمیت بعض دیگر آئیتمز شامل ہیں ،
ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ کام پرائیویٹ سیکٹر کر رہا ہے، جبکہ حکومت صرف تاجروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے اور لاجسٹکس میں سپورٹ دے رہی ہے،
ایک اور ذریعے نے بتایا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کو عمان کے راستے بھی اشیاء بھیجی جا رہی ہیں،
عمان کی بندرگاہوں کے بعد زمینی راستے سے آگے خوراک کی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں،
وزارتِ تجارت کے اعلیٰ حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ جو اشیاء بھیجی جا رہی ہیں وہ سرپلس ہیں اور اس بات کا خیال رکھا جا رہا ہے کہ ملک میں کوئی قلت پیدا نہ ہو،