پاکستان کا فضا سے فضا میں مار کرنے والے فاز میزائل کا کامیاب تجربہ
میزائل جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے اور طویل فاصلے پر موجود دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے
،پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ پہلے فَاز فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ
پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ’’فَاز‘‘ کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کر لیا۔ میزائل جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے اور طویل فاصلے پر موجود دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فَاز میزائل کی کامیاب آزمائش پاکستان کی دفاعی اور فضائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس میزائل کی شمولیت سے پاک فضائیہ
کی آپریشنل صلاحیت اور حکمتِ عملی کے تحت کارروائی کرنے کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ ملکی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہو گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فَاز میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی مہارت، جدت اور خود انحصاری کا عکاس ہے۔ تجربے کا مشاہدہ پاک افواج کے سینئر افسران کے علاوہ میزائل کی تیاری میں اہم کردار ادا کرنے والے ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس اہم کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی ہے۔