سیکورٹی فورسز کے خیبر پختونخوا میں دو آپریشنز، 11 خوارج جہنم واصل۔
شمالی وزیرستان ضلع میں 6 جبکہ ضلع کرم میں 5 خوارج کو ٹھکانے لگایا گیا، ان بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا
راولپنڈی:
8 جنوری کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو علیحدہ علیحدہ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 11 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان ضلع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
اسی طرح ضلع کرم میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج کو مؤثر طور پر ہلاک کر دیا گیا۔۔
ہلاک ہونے والے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے۔
علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی حمایت یافتہ خارجی کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور شدہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن “عزمِ استحکام” کے مطابق غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رکھیں گے۔