آرمی چیف و سی ڈی ایف،فیلڈ مارشل عاصم منیر کا راولپنڈی کے کرسٹ چرچ کا دورہ،
کرسمس کی تقریبات میں شرکت اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد ، امن ، ہم آھنگی اور خوشحالی کی دعائیں۔
راولپنڈی:
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا راولپنڈی کے کرسٹ چرچ کا دورہ،کرسمس کی تقریبات میں شرکت، کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارک باد،
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کرسمس کے موقعہ پر مسیحی برادری کے لیے امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے مساوات، آزادی اور مذہبی رواداری پر مبنی وژن کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے نظریے کی بنیاد ہے۔

کلیسا میں موجود افراد سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے ملکی ترقی اور قومی سلامتی میں پاکستانی مسیحیوں کی نمایاں خدمات کو سراہا، بالخصوص پاکستان کی مسلح افواج میں نسل در نسل ان کی قابلِ فخر اور شاندار خدمات کا ذکر کیا۔
انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور قومی اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے تنوع، مساوی مواقع اور آئین میں دی گئی مشترکہ اقدار میں مضمر ہے، جو مذہب، نسل، ذات اور عقیدے سے بالاتر ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج آئینِ پاکستان کے مطابق تمام شہریوں کے وقار، سلامتی اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
مسیحی برادری کے رہنماؤں نے فیلڈ مارشل کے دورے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے ملکی دفاع، شمولیت، مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔