The news is by your side.

نان اور روٹی کی قیمت کے تعین کا معاملہ، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ کو مذاکرات کی ہدایت۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں نان اور روٹی کی قیمت کے تعین سے متعلق کیس کی سماعت، عدالت کا انتظامیہ اور نانبائی ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے پر برہمی کا اظہار

0

 اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ میں نان اور روٹی کی قیمت کے تعین سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے انتظامیہ اور نانبائی ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ ہفتے تک نانبائی ایسوسی ایشن سے مذاکرات کرکے معاملہ حل کریں ۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے نانبائی ایسوسی ایشن کے صدر سجاد عباسی کی درخواست پر سماعت کی ، ایسوسی ایشن کی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی پیش ہوئے۔دورانِ سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آج آپ کی ہڑتال ہے ؟ جس پر بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے بتایا کہ اسلام آباد میں تو ہڑتال نہیں، البتہ پنجاب میں آج ہڑتال ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں نانبائی ایسوسی ایشن کے خلاف آپریشن کیا گیا جس کے ردِعمل میں ہڑتال کی کال دی گئی۔ وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد میں انتظامیہ سے ملاقات کے دوران نانبائی ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات پیش کئے تاہم انتظامیہ مذاکرات ادھورے چھوڑ کر اٹھ گئی۔

عدالت نے ہدایت کی کہ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نانبائی ایسوسی ایشن سے ملاقات کر کے مسئلے کا قابلِ عمل حل نکالیں ۔ ساتھ ہی عدالت نے نانبائی ایسوسی ایشن کو ہراساں کرنے سے متعلق اپنے سابقہ حکم میں آئندہ ہفتے تک توسیع کر دی ۔ کیس کی مزید سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی ۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.