اسلام آباد:جمہوریہ قازقستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ مرات نورتیلو دو ورزہ (8 سے 9 ستمبر) سرکاری دورے پر پاکستان آمد۔
یہ اہم دورہ قازقستان کے صدر کے نومبر 2025 میں طے شدہ پاکستان کے آئندہ دورے کا پیش خیمہ ہے۔قازقستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے ساتھ قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ سمیت اعلیٰ سطح کا 13 رکنی وفد بھی انکے ہمراہ ہوگا۔
دورے کے موقع پر زراعت اور آئی ٹی پر مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس بھی ہوں گے۔اپنے قیام کے دوران قازقستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔
جمہوریہ قازقستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نورٹلو کی پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ یہ بات چیت آئندہ صدارتی دورے کی تیاریوں کا جائزہ لینے اور پاک قازق دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں پر جامع طور پر غور و فکر کرنے کا موقع فراہم کرے گی، خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافتی اور سیاحت کے تبادلوں، علاقائی روابط اور لاجسٹکس اور کثیر جہتی فورمز پر تعاون پر توجہ دی جائے گی۔
قازقستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اور قازقستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے فائدے کے لیے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں مدد دے گا۔