اسلام آباد:وزارت قومی صحت کی خصوصی ٹیموں کی طرف سے وفاقی دارالحکومت کے ہائی رسک علاقوں میں انسداد ڈینگی و سرویلنس سرگرمیاں کا آغاز کر دیا۔
خصوصی ٹیمیں گھر گھر جا کر سرویلنس، لاروا کی نشاندہی و خاتمہ، اسپرے، مریضوں کی ٹریسنگ، پانی کے ذخائر کا معائنہ، کھلے برتنوں کی صفائی، فوگنگ اور کمیونٹی آگاہی سیشنز کا انعقاد کریں گی ۔
ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر اسلام آباد محمد ایوب نے گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت کی مختلف یونین کونسلز کا دورہ کیا اور ٹیموں کو ہدایات دیں کہ ڈینگی کنٹرول سرگرمیوں کو مؤثر اور تیز کیا جائے۔
وزارت قومی صحت کے سپیشل آپریشنز کے تحت ڈینگی کنٹرول اقدامات میں تیزی لائی گئی ہے تاکہ وبا کے خطرے کو کم سے کم کیا جا سکے۔ایس او پیز (SOPs) کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں اور ایف آئی آرز بھی درج کی جا رہی ہیں۔
ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر افیسر نے کہا کہ عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ محمد ایوب نے کہا کہ عوام ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں جس میں پانی والے برتن، ٹینک، گملے، کولر اور فریج ٹرے روزانہ صاف کریں، پوری آستین کے کپڑے پہنیں، مچھر مار اسپرے اور لوشن کا استعمال کریں، سوتے وقت مچھر دانی کا استعمال کریں، کھڑکیوں اور دروازوں پر جالی لگوائیں،ڈینگی سے بچاؤ آپ کے ہاتھ میں ہے جو صرف احتیاط ہے ۔
Please follow and like us: