لاہور(یو این آئی)مسلم لیگ ( ن ) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے خلاف مقدمات جھوٹے تھے، اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا تھا جس نے مجھے سرخرو کیا۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میرے خلاف مقدمات کے فیصلوں سے جھوٹ کی قلعی کھل گئی۔ اللہ کا شکر ہے اس نے مجھے سرخرو کیا، عدالت نے مجھے ہر الزام سے بری کردیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر وزارت عظمیٰ سے ہٹایا گیا، نیب کو میرے خلاف تین ریفرنس دائر کرنے کے لیے کہا گیا
مجھے سسلین مافیا اور گاڈ فادر کی گالیاں دی گئیں، مگر اس شرمناک کھیل کے سارے چہرے بے نقاب ہوچکے
سب کہہ رہے کہ آپ کا کیا قصور تھا، عوام کی دعاؤں نے ہمیشہ مجھے حوصلہ دیا، وہاں وہاں سے گواہیاں آرہی ہیں جہاں سے گمان بھی نہیں تھا۔
نواز شریف نے کہا کہ مجھے ہٹاکر کسی لاڈلے کو لانے کے لیے پاکستان کو سزا کیوں دی گئی۔
دشمنی تو نواز شریف سے تھی، اسے جیل میں بھی ڈال دیا تھا مگر عوام کو کیوں سزادی گئی۔
عوام کے چولہے کیوں بجھا دیے گئے۔ محنت کشوں اور کسانوں کی زندگیاں کیوں عذاب بنادی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف خواب اور سبز باغ نہیں دکھاتا، میں جو کہتا ہوں اللہ کے فضل و کرم سے کر کے دکھاتا ہوں
مجھے کبھی اچھے حالات نہیں ملے مگر جب بھی مجھے فارغ کیا گیا میں ملک کو بہت اچھی حالت میں چھوڑ کر گیا۔
نواز شریف نے عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ خود جج ہیں اور مجھے امید ہے کہ آپ 8 فروری کو اپنا فیصلہ سنائیں گے، اور اپنی سزاؤں کا خاتمہ کریں گے۔