نئی دہلی ۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیرون ملک روانگی سے قبل طیارے کو بم سے اُڑانے کی دھمکی ملنے پر سیکیورٹی حکام متحرک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دھمکی آمیز فون کال ممبئی پولیس کو موصول ہوئی، جس میں کہا گیا تھا کہ ایک امریکی دہشت گرد مودی کے طیارے کو نشانہ بنائے گا۔
کالر نے مزید دعویٰ کیا کہ یہ وہی گروہ ہے جو چھ ماہ قبل امریکا میں ایک طیارے پر حملہ کر چکا ہے، جس میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
کالر نے کہا کہ طیارے میں بم رکھ دیا گیا ہے اور مودی کو کوئی نہیں بچا سکتا۔
دھمکی ملنے کے بعد ممبئی پولیس نے سیکیورٹی اداروں کو اطلاع دی، اور کلیئرنس تک طیارے کو روکا گیا۔ تاہم، تلاشی کے دوران کوئی مشکوک چیز نہیں ملی، جس کے بعد پرواز کو اجازت دے دی گئی۔
بعد میں معلوم ہوا کہ کال کرنے والا شخص ماضی میں بھی پولیس کو 1400 سے زائد بار فون کر چکا ہے۔ پولیس نے اسے گرفتار کر لیا اور پتا چلا کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں۔ تاہم، مزید تفتیش مکمل ہونے تک اسے حراست میں رکھا جائے گا۔