اسلام آباد۔ اسلام آباد میں پہلے پریمیم فلیگ شپ اسٹور کار ایمبیسیڈر کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی مہمان خصوصی تھے، جبکہ تقریب میں میانمار، ویتنام، شام، تاجکستان، روانڈا، ملائیشیا اور انڈونیشیا کے سفیروں نے بھی شرکت کی، جن میں ملائیشیا کے سفیر اعظم معزلان، شام کے سفیر ڈاکٹر رامز العری، میانمار کے سفیر وونا ہان، تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زودا، روانڈا کی سفیر محترمہ فاتو حریمانیما، ویتنام کے سفیر فام این توان اور انڈونیشیا کے ناظم الامور رحمت ایچ کے شامل تھے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے سفر میں حکومت اور بزنس کمیونٹی مل کر آگے بڑھ رہے ہیں، ملکی معیشت کے استحکام کے لیے کاروباری برادری کا کلیدی کردار ہے، پاکستان کے تمام ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور مختلف ممالک کے سفیروں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک پرکشش تجارتی مقام بن چکا ہے۔
میانمار، ویتنام، شام، تاجکستان، روانڈا، ملائیشیا اور انڈونیشیا کے سفیروں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ان کے ممالک کے بہترین تعلقات ہیں، باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور بزنس کوآپریشن کے مزید مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار امکانات ہیں، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں، پاکستانی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ تک رسائی دینے میں تعاون بڑھایا جائے گا۔
تقریب میں سفارتکاروں، بزنس کمیونٹی اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جنہوں نے کار ایمبیسیڈر کی اسلام آباد میں لانچ کو جدید کاروباری رحجانات کے فروغ کی طرف اہم پیش رفت قرار دیا