کامیابی پاکستان کا مقدر ہے اور قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے،آرمی چیف جنرل عاصم منیر۔
دورہ پشاور کے دوران انسداد دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں کے دوران بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ پیش کرنے والے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔
راولپنڈی(یو این آئی):
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) نے آج پشاور کا دورہ کیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقی کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی.

آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں کے دوران بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ پیش کرنے والے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔
آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کی بے مثال کارکردگی کوسراہتے ہوئے کہا کہ؛
"قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے”۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ "کامیابی پاکستان کا مقدر ہے اور پاک فوج مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کا بے لوث اور مقدس فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی، انشاء اللہ”۔

آرمی چیف نے پہلی بار منعقد ہونے والی قومی ورکشاپ خیبرپختونخوا (NWKP-1) کے شرکاء سے بھی خصوصی خطاب کیا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ؛
’’ سیکورٹی فورسز کوخیبر پختونخوا کے غیور عوام کی پُرعزم حمایت کے باعث ہی صوبے میں استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر پیش رفت حاصل ہوئی ہے‘‘۔
پاکستان کی خوشحالی کو خیبرپختونخوا سے جوڑتے ہوئے آرمی چیف نے زور دیا کہ؛
"پاکستان کے امن اور استحکام کے لیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے”۔
آرمی چیف نے نئے ضم شدہ اضلاع میں اقتصادی ترقی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ؛
"غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔ ان کی وطن واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے”۔
"غیر قانونی غیر ملکیوں کو طے شدہ اصولوں کے مطابق باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے”۔
آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے اُن کا استقبال کیا