بلوچستان میں جاری انسداد دہشت گردی کی کاروائیاں، 33 دہشت گرد ہلاک
کاروائیوں کا آغاز 21 ستمبر سے ہوا جن کا سلسلہ بدستور جاری، 24 اور 25 ستمبر کی کاروائیوں میں بھارتی سربرستی یافتہ 16 خوارج اور دہشت گردوں کو پلاک کیا گیا
راولپنڈی:بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں،
24 اور 25 ستمبر کو ہونے والی کارروائیوں میں مزید 16 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 ستمبر سے بلوچستان میں جاری جامع انسدادِ دہشتگردی کارروائیوں کے دوران اب تک 33 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج و دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے شابان میں آپریشن شابان کے تسلسل میں 24 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مزید ٹھکانوں کا سراغ لگا کر کارروائی کی۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک ہوئے، جس کے بعد شابان میں ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 22 ہوگئی۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن خطرے کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 ستمبر کو ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا،
جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیرملکی سرپرستی و معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے
کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔