اسلام آباد ۔سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے قومی ائیر لائن کی نجکاری روکنے کا حکم واپس لے لیا۔جسٹس امین الدین کی سربراہی میں آئینی بینچ نے قومی ائیر لائن کی نجکاری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے قومی ائیر لائن انتظامیہ کو نئے پروفیشنلز بھرتی کرنے کی اجازت دی تھی، حکومت نے قومی ائیر لائن نجکاری کا عمل شروع کیا تھا، نجکاری کے باعث قومی ائیر لائن میں نئی بھرتیاں نہیں کی گئیں، قومی ائیر لائن نجکاری کا عمل دوبارہ کرنے جا رہا ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ قومی ائیر لائن فلائٹ آپریشن پر پابندی بھی ختم ہوگئی ہے۔ جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیے کہ دوبارہ نجکاری کے عمل میں اب شاید ریٹ زیادہ ملے جبکہ جسٹس جمال مندوخیل نے پوچھا قومی ائیر لائن نجکاری کرکے حکومت کہیں سپریم کورٹ آرڈر کی خلاف ورزی تو نہیں کر رہی؟
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا نجکاری عدالت کو اعتماد میں لےکر کی جائے جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ نجکاری پر اعتماد میں لینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی تھی۔ جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے عدالت اپنا اعتماد دیتی ہے، قومی ائیر لائن کی نجکاری اچھے طریقے سے کریں۔ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے قومی ائیر لائن کی نجکاری روکنے کا حکم واپس لیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔