اسلام آباد ۔توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی غیر حاضری پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے، عدالت نے ان کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔
اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی، جس میں پبلک پراسیکیوٹر سید ذوالفقار عباس نقوی اپنے معاونین کے ہمراہ پیش ہوئے۔
سماعت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، جبکہ بشریٰ بی بی کی مسلسل 10 سماعتوں میں غیر حاضری پر عدالت نے ناراضگی کا اظہار کیا۔
اس کے بعد عدالت نے بشریٰ بی بی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کے توشہ خانہ 2 کیس میں ضامن کو بھی نوٹس جاری کیا اور حکم دیا کہ بشریٰ بی بی کے ضامن اگلی سماعت پر عدالت میں حاضر ہوں۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اگر بشریٰ بی بی کی ضمانت کے باوجود مسلسل غیر حاضری جاری رہی تو ان کے مچلکے ضبط کیے جا سکتے ہیں۔