پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مشہور اداکارہ عظمیٰ حسن، جو سُپر ہٹ ڈرامہ سیریل ‘خئی’ میں اپنے کردار کے لیے جانی جاتی ہیں، لندن میں ایک افسوسناک واقعے کا شکار ہو گئیں۔

عظمیٰ نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر ایک خصوصی نوٹ جاری کرتے ہوئے اس واقعے کی تفصیلات شیئر کیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات انہیں لندن میں لوٹ لیا گیا، جس کے نتیجے میں اُن کا والٹ، نقد رقم، شناختی دستاویزات، مختلف کارڈز اور لاکر کی چابی چوری ہو گئی۔

اداکارہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوروں نے صرف میرا قیمتی سامان ہی نہیں لیا، بلکہ انہوں نے میری مرحومہ والدہ کا شناختی کارڈ اور اُن کی تصویر بھی چُرائی۔

عظمیٰ نے اپنی اسٹوری میں یہ واضح نہیں کیا کہ یہ واقعہ کس طرح پیش آیا اور آیا انہوں نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی یا نہیں۔

یاد رہے کہ 28 ستمبر کو لندن میں ہم ٹی وی ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی تھی، جس میں پاکستانی شوبز کی کئی معروف شخصیات نے شرکت کی تھی۔ اس ایوارڈ شو میں عظمیٰ حسن کو ڈرامہ سیریل ‘عشق لا’ میں بہترین اداکاری پر ‘بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر فی میل’ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔