نیویارک: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل کو اس کے جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔نیویارک میں سلامتی کونسل کے مباحثے کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اسرائیلی مظالم کی عالمی سطح پر مذمت کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ تنازعات کا حل نہ ہونے کی صورت میں ہمارا مستقبل تاریک ہو سکتا ہے اور یوکرین جنگ کے پھیلاؤ کو روکنے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے بیروت پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کا غیر ضروری استعمال ہرگز برداشت نہیں کیا جانا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ افریقی ممالک میں دہشت گردی کے خلاف سلامتی کونسل کو مدد فراہم کرنی چاہیے۔اپنے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ کشمیر کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرنا ضروری ہے، کیونکہ مسئلہ جموں و کشمیر کے حل نہ ہونے سے علاقائی امن کو خطرات لاحق ہیں۔