The news is by your side.

ایران نے اسرائیل پر ڈرون اور کروز میزائلوں سے حملہ کر دیا،پڑوسی ملک کوبھی دھمکی

0

تہران،واشنگٹن(یواین آئی) واشنگٹن نے تصدیق کر دی ہے کہ ایران نے اسرائیل پر 100کے قریب ڈرون اور کروز میزائلز سے حملےکر دیئے۔ایران نے اسرائیل پر براہ راست ڈرون حملے کیے ہیں، ایرانی پاسدران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کی باضابطہ تصدیق کردی ہےاور پڑوسی ملک کو بھی دھمکی دی ہے کہ ڈرون حملوں میں فضائی سہولت فراہم کی تو انہیں منہ توڑ جواب دیا جائیگا

اسرائیل نے بھی تصدیق کی ہے کہ درجنوں UAVs ایران سے روانہ ہوئے اور اسرائیل کے لیے اپنا راستہ بنا رہے ہیں۔اسرائیلی فوجی ترجمان کے مطابق ایران نے اپنی سرزمین سے اسرائیل کی سرزمین کی طرف بغیر پائلٹ کے طیارے روانہ کیے ہیں۔اب طیاروں کو اسرائیل تک پہنچنے میں کئی گھنٹے لگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے کہا جاتا ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور ہوم فرنٹ کمانڈ کی ہدایات پر عمل کریں، ہم کوشش کریں گے کہ UAVs کو اسرائیل کی سرزمین تک پہنچنے سے روکا جائے۔اسرائیلی چینل 12 نے دعویٰ کیاہے کہ اسرائیل نے شام اور اردن پر کئی ایرانی ڈرونز کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیاہے ۔ایران نے 100کے قریب ڈرونز اور کروز میزائل فا ئر کئے تھے۔

ادھر ایران کے وزیر دفاع نے ایک بیان جاری کر کے پڑوسی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ ان میں سے جو بھی ڈرون کو روکنے کے لیے اسرائیل کے لیے اپنی فضائی حدود کھولے گا اسے نشانہ بنایا جائے گا۔

اردن، شام، لبنان اور عراق نے اپنی فضائی حدود بند کردیں،عرب میڈیا کے مطابق اردن کا کہنا ہے کہ اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی ایرانی طیارے کو مار گرانے کے لیے تیار ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اردن، لبنان اور عراق نے بھی اپنی فضائی حدودکو بند کر دیا ہے۔ذرائع شامی فوج کے مطابق شام نے دارالحکومت دمشق سمیت اہم اڈوں پر ائیر ڈیفنس سسٹم کو الرٹ کر دیا ہے جبکہ اردن نے بھی ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے یکم اپریل کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر میزائل حملے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے بتایا تھا کہ اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس بریگیڈز کے سینیئر کمانڈر رضا زاہدی بھی شامل تھے۔

بعد ازاں ایران نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے پر جوابی کارروائی کی دھمکی تھی۔ایران کے جوابی حملے کے خطرے کے تحت امریکا نے اسرائیل میں موجود اپنے شہریوں کی نقل و حرکت محدود کردی تھی۔

قبل ازیں ایران نے آبنائے ہرمز میں اسرائیلی کمپنی کا جہاز قبضے میں لیا، ہفتے کو ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں اسرائیلی کمپنی کا جہاز قبضے میں لےلیا تھا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے ایرانی بحریہ کے خصوصی دستوں نے ہیلی کاپٹر کا استعمال کرتے ہوئے جہاز کو قبضے میں لیا، قبضے میں لیےگئے جہاز کو اب ایرانی سمندری حدود میں منتقل کیا جارہا ہے۔ ایرانی بحریہ نے جہاز پر اس وقت قبضہ کیا جب وہ متحدہ عرب امارات سے 80 کلومیٹر دور آبنائے ہرمز میں سفر کر رہا تھا۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.