کراچی(یو این آئی) حافظ نعیم الرحمان کو امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب کرلیا گیا
جماعت اسلامی پاکستان کے نئے امیر کا اعلان کردیا گیا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے حافظ نعیم الرحمان انتخابات میں کثرت رائے سے امیرجماعت اسلامی پاکستان منتخب ہوگئے۔
یہ فیصلہ ارکان جماعت اسلامی کی اکثریت نے کیا، جماعت اسلامی میں ہر پانچ سال بعد امیر کا انتخاب ہوتا ہے۔
اس بار مرکزی شوریٰ نے ارکان جماعت کی رہنمائی کے لیے تین نام پیش کیے تھے۔ ان میں سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمان شامل تھے۔
سراج الحق کو 2014 میں جماعت اسلامی کا امیر منتخب کیا گیا تھا، وہ دس سال اس ذمے داری پر فائز رہے۔
ان سے پہلے سید منور حسن ، قاضی حسین احمد ، میاں طفیل محمد اور مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی اس ذمے داری پر فائز رہے۔ جماعت اسلامی کی بنیاد سید ابوالاعلیٰ مودودی نے 1941 میں رکھی تھی۔