پشاور(یواین آئی)پشاور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی رہنماوں کو مصدقہ فارم 45 فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور دیگر کی الیکشن نتائج کی مصدقہ دستاویزات حصولی کے لئے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
وکیل درخواست گزار نے دلائل دیے کہ الیکشن رولز کے مطابق امیدوار کو مصدقہ دستاویزات دینا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ہم الیکشن کمیشن کے پاس جاتے ہیں تو کہا جاتا ہے آر او کے پاس جاو¿ ، وہاں جاتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس جاو
وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن کے پاس فارم 45, 47 جب آئے تو ہم نے اپلوڈ کئے، جن آر اوز نے 14 دن کے اندر فارم جمع نہیں کرائے
الیکشن کمیشن نے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے، الیکشن کمیشں نے ویب سائٹ پر فارم اپلوڈ کئے ہیں وہاں سے یہ حاصل کرسکتے ہیں، یہ آر اوز سے بھی دستاویزات لے سکتے ہیں وہاں پر درخواست دے دیں۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ فارم 45 اور 47 میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کی جارہی ہے۔
جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیے کہ الیکشن رولز کے مطابق الیکشن کمیشن دستاویزات دے گا، وہ آپ کو تصدیق شدہ فارم دینگے تو پھر اس کے بعد کوئی کیسے تبدیلی کرے گا، آپ کے پاس فارم موجود ہوگا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو درخواست گزاروں کو انتخابی نتائج کی تصدیق شدہ دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواستیں نمٹا دیں۔