اسلام آبا د(یو این آئی)تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں بلے کا نشان واپس لینے کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کر دی۔
پی ٹی آئی نے عدالت سے انٹرا پارٹی انتخابات کے 13 جنوری کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ بحال کرنے کی استدعا کردی۔
پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان بلے کے سپریم کورٹ فیصلے کیخلاف نظرثانی دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ انٹراپارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق کروائے گئے جبکہ الیکشن کمیشن انٹراپارٹی انتخابات کا جائزہ لینے کا اختیار نہیں رکھتا ہے
الیکشن کمیشن کا انتخابی نشان واپس لینے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے. سپریم کورٹ نے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا اور کسی بھی سیاسی جماعت سے انتخابی نشان واپس لینا ووٹرز کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے
سیاسی جماعت بنانے اور انتخابات میں حصہ لینے کا حق آئین پاکستان میں ہے. درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت ہائیکورٹ میں شکایت کنندگان کو فریق بنایا گیا ہے. پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست سینئر وکلاءحامد خان اور بیرسٹر علی ظفر نے دائر کی ہے۔