چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ کوئٹہ۔
صوبے میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور داخلی سلامتی سے متعلق جاری آپریشنز پر جامع بریفنگ، کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ کا دورہ، زخمیوں کی عیادت کی،
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ کوئٹہ ۔ دورے کے دوران انہیں صوبے میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور داخلی سلامتی سے متعلق جاری آپریشنز پر جامع بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بھارتی حمایت یافتہ، بین الاقوامی سطح پر نامزد دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کی جانب سے کیے گئے حالیہ دہشت گرد حملوں اور سیکیورٹی فورسز کے بروقت، مؤثر اور جارحانہ ردِعمل پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی، جس کے نتیجے میں دشمن کے امن، استحکام اور بلوچستان کی ترقی کو نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔
ریاست کی رِٹ مزید مضبوط بنانے، عوام اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا اور تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی بہانے سے تشدد اور دہشت گردی کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
آرمی چیف نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرأت اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے زخمی جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور مادرِ وطن کے دفاع میں ان کی بہادری اور ثابت قدمی کی تعریف کی۔
اس سے قبل کوئٹہ آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔